سوات (مارننگ پوسٹ) پی ٹی آئی کااپوزیشن کوچیلنج، سوات میں پی ٹی آئی کاگرینڈ پاورشو، ورکرز کنونشن عظیم الشان جلسہ میں تبدیل، ہزاروں افراد کی شرکت، پی کے 4کے جلسہ نے علاقے میں سیاسی رُخ تبدیل کردیا، اپوزیشن کے احتجاج کاجواب جلسہ کی صورت میں دیدیا، علاقے میں پی ٹی آئی پرچموں کی بہار، حلقہ پی کے 4کے لئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان، کارکنوں میں جوش وخروش، عمران خان اور عزیز اللہ گران پرمکمل اعتماد، علاقے کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کے لئے ایم پی اے عزیز اللہ گران کاعزم، جلسہ میں بھرپور افرادی قوت کامظاہرہ، تفصیلات کے مطابق سوات کے حلقہ پی کے 4کے سطح پر منگلور گراؤنڈ میں عظیم الشان ورکرزکنونشن منعقد ہوا، ورکرز کنونشن میں پارٹی کارکنوں اورلوگوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی، لوگوں کی کثیرتعداد میں کنونشن میں شرکت نے کنونشن کو جلسہ عام میں تبدیل کردیا، پھنڈال لوگوں کے لئے کم پڑگیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے معدنیات صوبہ خیبرپختونخوا عزیز اللہ گران خان نے کہا کہ آج میں ان لوگوں کو چیلنج کرتاہوں جو آزادی مارچ کے نام پر لوگوں کو اکھٹے کرکے یہ تاثردے رہے ہیں، کہ تحریک انصاف کے ساتھ عوام نہیں ہے، ہم نے پی کے 4 کی سطح پر جو جلسہ کیاہے اپوزیشن کوچیلنج کرتاہوں کہ وہ صوبہ کی سطح پر اتناجلسہ کریں، پھر ہم ان کے مؤقف کو تسلیم کریں گے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ عوام نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ آج شکست خوردہ لوگ ایک بارپھر منتخب حکومت کے خلاف اکھٹے ہوکر صف بندی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کے وژن کے ساتھ ہیں اور پی ٹی آئی حکومت سے لوگ مطمئن ہیں عمران خان نے عالمی سطح پر پاکستان کاوقاربلندکردیاہے، جبکہ اقوام متحدہ میں انہوں نے کشمیر اورعالم اسلام کا مسئلہ اٹھاکر خودکو اسلامی دنیا کا لیڈر تسلیم کردیاہے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ موجودہ حکومت کو تنقید کررہے ہیں اصل میں ان لوگوں کے ساتھ کوئی ایجنڈا نہیں ہے، ان کے ساتھ کوئی پروگرام نہیں ہے، ان کو عوام نے مستردکیاہے۔ ان کی سیاست کوعوام نے مستردکیاہے اور مولانا فضل الرحمن کو اسلام نہیں بلکہ اسلام آباد کی پڑی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ذاتی مفادات کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں لیکن ان کو عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے، ان کو لوگوں نے عام الیکشن میں آئینہ دکھادیاہے۔اور وہ ایک بار پھر اقتدارمیں آنے کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن ان کا اب دوبارہ اقتدار میں آنا قصہ پارینہ بن چکاہے، انہوں نے کہا کہ آج پی کے 4کے لوگوں اور پارٹی کارکنوں نے یہ ثابت کردیاہے کہ وہ عمران خان کے وژن کے ساتھ ہیں اور تحریک انصاف کاساتھ دیتے رہیں گے، کارکنوں کو عزت واحترام دینااولین ترجیح ہے جس پر کوئی سودہ بازی نہیں کی جائیگی میں ان تمام کارکنوں اور ہرطبقہ فکر کے لوگوں کامشکورہوں جنہں نے کثیرتعداد میں اس جلسہ میں شرکت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی اورخوشحالی کے لئے یہ سفر جاری رہیگا، کسی کو اس میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے، انہوں نے علاقے کے تعمیروترقی کیلئے متعدد منصوبوں کا بھی اعلان کیا جن میں پینے کے پانی کے منصوبوں اور صحت وتعلیم اورسڑکوں سمیت دیگرمنصوبے میں شامل ہیں جلسہ سے تحریک انصاف کے دیگررہنماؤں انورعلی خان، ملک احسان اللہ خان، فضل اکبر بابا اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔